راولپنڈی:(دنیانیوز) بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشتگردوں کی جانب سے فوجی چوکی پر حملہ کیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 1 جوان فرض پر قربان ہوگیا، ادھر میران شاہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 ملک دشمن گرفتار کرلئے گئے جبکہ 1 دہشتگرد جہنم واصل ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے جانی خیل کے مقام پر فوج کی چوکی پر حملہ کیا ، دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے سپاہی سرفراز علی وطن پر قربان ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 26 سالہ سپاہی سرفراز علی کا تعلق وہاڑی سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے 13 اور 14 جنوری کی رات فوجی چوکی پر حملہ کیا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ پر سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقہ میران شاہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے جبکہ ایک ہلاک ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق غیر مقامی دہشت گرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے جبکہ ملک دشمنوں سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔