صدر عارف علوی دوسری مرتبہ کورونا وائرس کا شکار

Published On 06 January,2022 07:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) صدر عارف علوی دوسری مرتبہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

عارف علوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ میں دوبارہ کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہوں۔ چار سے پانچ دنوں سے گلے میں خراش تھی تاہم اب بہتر ہو رہا ہوں، دو راتوں پہلے کچھ گھنٹے تک ہلکا بخار محسوس ہوا البتہ کوئی دوسری علامات نہیں ہیں۔

انہوں نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر دوبارہ اختیار کریں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔

اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی گزشتہ سال 29مارچ کو وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں کووڈ۔19 کی ویکسین کا صرف ایک ڈوز لگا تھا جبکہ ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے کہا تھا کہ صدر مملکت میں معمولی علامات تھیں لیکن وہ اچھا محسوس کررہے ہیں۔