فضل الرحمان کو لیبیا سے ملنے والی فنڈنگ کا جواب دینا پڑے گا: فرخ حبیب

Published On 05 January,2022 07:32 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اکاؤنٹس میں تمام رقوم قانون کے مطابق آئی ہیں، ایسا کہیں ثابت نہیں ہوا کہ ہم نے کسی ملٹی نیشنل کمپنی یا ملکی مفاد کے خلاف چلنے والے ادارے سے کوئی فنڈز لئے ہوں،ہمارے پاس اندرون ملک سے جمع ہونے والے 83کروڑ کا بھی ریکارڈ موجود ہے۔ اب فضل الرحمان تگڑے ہوجائیں لیبیا سے جو فنڈنگ لی ہے اس کا بھی جواب دینا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں سکروٹنی کمیٹی نے رپورٹ فریقین کے حوالے کی،اس رپورٹ پر وہ لوگ بات کررہے ہیں جن کے اپنے پارٹی اکائونٹس کا پتہ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کے اکائونٹس میں 35کروڑ کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے2013 میں 9 اکاونٹس، 2014 میں 11اکاونٹس اور 2015 میں 10اکاونٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے۔ن لیگ نے 9اکائونٹس کو الیکشن کمیشن سے چھپایا، ان کے اکاونٹس کے اندر 62کروڑ کی رقم آتی ہے،ان میں سے 45کروڑ کے عطیات کا ریکارڈ ہی نہیں ہے۔جب ان سے استفسار کیاگیا تو کہتے ہیں کہ میاں صاحب کو چلتے چلتے کسی نے پانچ کروڑ دیئے،گوجرانوالہ کے ایک شخص نے ایک کروڑ دیا جو کہ اللہ کو پیارا ہوگیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایچ بی ایل سینٹرل، اے بی ایل سینٹرل، 5 صوبائی اکاونٹس چھپائے ہوئے ہیں،ان اکاونٹس کی بینک سٹیٹمنٹ آج تک الیکشن کمیشن کے سامنے جمع نہیں کرائی، پی ٹی آئی کے فارن فنڈز پر بات کرنے سے پہلے اکاونٹس کا حساب دیں، بینظیر بھٹو نے کہا اسامہ بن لادن سے نواز شریف نے حکومت گرانے کے لئے پیسے لئے۔

انہوں نے کہا کہ اکبر ایس بابر پی ایم ایل این کے ایزی لوڈ پر ہیں، ن لیگ کی انگریزی کمزور ہے رپورٹ پڑھے بغیر ہی تبصرے کرتے ہیں،پانامہ جے آئی ٹی پر بھی مٹھائی کھا لی بعد میں کچھ اورنکلا۔ یو ایس اے کے اندر پی ایم ایل این لمیٹڈ کمپنی کے طور پررجسٹرڈ ہے جس کی رجسٹریشن نبمر 6521، پی ایم ایل این یوکے میں لمیٹڈ کمپنی ہے جس کا رجسٹریشن نمبر 9781563ہے،ان کی لمیٹیڈ کمپنی،انڈے،تولیے اور دیگر اشیاء فروخت کرسکتی ہے ،پیپلز پارٹی بھی یوکے میں کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہے، مارک سیگل کو بھی لابنگ کے لئے رکھا گیا ہے،زرداری کمپنی کے سربراہ ہیں۔ ن لیگ والوں کے علم میں اضافے کے لئے بتاتا چلوں کہ نائن الیون کے بعد امریکہ نے قانون سخت کیا تھا، اگر 30ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھجوانی ہے تو وہاں رجسٹرڈ ہونا پڑتا ہے،پاکستان تحریک انصاف نے پہلی مرتبہ پولیٹیکل فنڈ ریزنگ شروع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی رپورٹ صفحہ 78 میں اکبر ایس بابر نے ایک رپورٹ جمع کرائی جس کے اوپر آڈٹ رپورٹ کا کہا گیا ہے اسے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے صفحہ 81 کے آخری پیرا میں لکھا ہے کہ درخواست گذار مصدقہ چیزیں فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے، احسن ایس احسن رپورٹ بھی نہیں مانی گئی۔ 31کروڑکی جس رقم کاتذکرہ کیا جاتا ہے اس کی وضاحت ہے کہ دو مرتبہ انٹری ہوئی ہے،پی ٹی آئی کے کچھ اکاونٹس ایسے ہیں جس میں کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی اور بیلنس بھی صفر ہے،پی ٹی آئی نے 83کروڑاندورن ملک سے فنڈز جمع کیے، ہمارے پاس اسکا بھی ریکارڈ ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چیلنج ہے کہ وہ اندرون ملک فنڈز دینے والے چار لوگوں کا ریکارڈ نہیں دے سکتے، عمران خان دلیر لیڈر، پی ٹی آئی شفافیت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے پانامہ کی طرح نہیں کہا کہ ججز ہمارے خلاف ہوگئے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم فارن فنڈنگ کیس میں بھرپور دفاع کریگی اور حقائق پیش کریگی، پی ٹی آئی کے تمام فنڈز قانون کے مطابق پاکستان آئے ہیں، ہمارے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی ٹاپ ٹین ریٹنگ ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میدان میں آئے اور سکروٹنی کمیٹی کے سامنے اپنے اکاونٹس کی تفصیلات پیش کرے اور ان سے فیصلہ لیں، الیکشن کمیش سے استدعا ہے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکاونٹس کی رپوٹس سکروٹنی کمیٹی مکمل کر کے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان نے مان لیا کہ انہوں نے خود،زرداری اور نواز شریف نے کرپشن کی ہے، اب فضل الرحمان تگڑے ہوجائیں لیبیا سے جو فنڈنگ لی ہے اس کا بھی جواب دینا پڑے گا۔