آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا چونڈہ کا دورہ، وکٹری شیلڈ مشقوں کا جائزہ

Published On 10 December,2021 06:20 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ کے علاقے چونڈہ دورے کے دوران وکٹری شیلڈ مشقوں کا جائزہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ میں چونڈہ کےقریب چنوکی سیکٹر کا دورہ کیا۔ کورکمانڈر گوجرانوالا لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر نے استقبال کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آر می چیف نے گوجرانوالا کور کی وکٹری شیلڈ مشقوں کاجائزہ لیا اور انہیں مشقوں کے مقاصد اور حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کو مشقوں سے متعلق پلاننگ اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کا مقصد آپریشنل تیاریوں میں اضافہ کرناہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں کی تربیت اور پروفیشنل مہارت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے میدان میں حقیقت پسندانہ اور سخت تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مشقیں فوجیوں کے اعتماد کو بڑھانے، ہم آہنگی اور ان کی جنگی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہیں۔