خیبر باڑہ:(دنیا نیوز)عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) سے مستعفی ہونے والے سابق مشیر وزیر اعلیٰ عمران آفریدی نے مسلم لیگ( ن) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی ہے۔
ضم شدہ قبائلی ضلع خیبر باڑہ تحصیل میں مسلم لیگ (ن )کے شمولیتی جلسہ میں صوبائی صدر امیر مقام اور ایم پی اے اختیار ولی نے شرکت کی،جہاں اے این پی کے سابق وزیر اعلیٰ کے مشیر مستعفی ہوکر ن لیگ کے قافلے میں شامل ہوگئے۔
خیبر باڑہ جلسے میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام ایم پی اے اختیار ولی،شازیہ اورنگزیب سمیت ضلعی قیادت نے شرکت کی۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان آئی ایم ایف کے ایجنٹ ہیں، عمران خان پاکستانی عوام پر ٹیکس لاگو کرکے آئی ایم ایف کو خوش کررہے ہیں،حکومت نے اشیاء مہنگی کرکے غریب عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے جبکہ پی ٹی آئی حکومت سے عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ ملک میں مہنگائی ہوئی تو وزیر اعظم چور ہے، اس وقت ملک میں ہر شے مہنگی ہے،مطلب وزیر اعظم عمران خان چور ہے،اس ملک کو ایک ہی شخص و پارٹی مشکلات سے نکال سکتی ہے،وہ ہے نواز شریف و مسلم لیگ نون۔
امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی، اس ملک میں نااہل وزیر اعظم و حکومت کی وجہ سے مہنگائی مزید بڑھے گی،مسلم لیگ ن اقتدار میں آکر قبائلی عوام کی محرومیاں ختم کرے گی،قبائلی عوام نے اس ملک کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں،جو ناقابل فراموش ہے۔