اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پارکوں اور جنگلات کے لیے نشان زد قیمتی سرکاری اراضی کو بچانے کے لیے ایک خصوصی سیل بنایا جائے۔
قومی رابطہ کمیٹی تعمیرات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تجاوزات والی زمینوں پر جنگلات کی کٹائی کو یقینی بنا کر ملک کے جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کریں، قبضہ کرنے والوں سے جنگلات کی اراضی واگزار کروانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، زمین کے غیرقانونی استعمال اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیڈسٹرل سروے کے نتائج صوبوں کے ساتھ شیئر کیے جائیں، عوامی املاک کی بازیابی کے لیے فوری کارروائی کی جائے، ذاتی طور پرہر 15 روز بعد اجلاس میں پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے گی، حکومت ملکی عوام کے سامنے جوابدہ ہے، سرکاری اراضی کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے قبضہ مافیا سے نمٹنے کے لیے منظم انداز اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارکوں اور جنگلات کے لیے نشان زد قیمتی سرکاری اراضی کو بچانے کے لیے ایک خصوصی سیل بنایا جائے۔