پاکستان پیپلزپارٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا

Published On 05 November,2021 10:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہیں، تین سال میں تباہی سرکار نے تیل کی قیمت میں 53 روپے کا اضافہ کیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تباہی سرکار نے پٹرول کی قیمت میں مزید 8 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا، دو ہفتے پہلے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا تھا، پٹرول کی نئی قیمت اب 145 روپے 82 پیسے ہوگئی ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پیٹرول کی قیمتیں بڑھا کر کہتے ہیں عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، وزیراعظم ریلیف دے نہیں، مانگ رہے تھے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو گی، پہلے ہی مہنگائی کی شرح 14.31 فیصد ہو چکی ہے، حکومت عوام پر رحم کرے اور تیل کی قیمتیں واپس لے۔