راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے کالعدم ٹی ایل پی کے مزید 82 کارکن رہا

Published On 03 November,2021 03:24 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) کالعدم ٹی ایل پی کے نظر بند کارکنوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے آج بھی اسیر 82 کارکنوں کو رہا کر دیا گیا۔

کالعدم تنظیم اور حکومت کے درمیان معاہدہ پر عملدرآمد جاری ہے۔ مکنمہ لانگ مارچ سے قبل تحویل میں لئے گئے کالعدم جماعت کے کارکنوں کی رہائی کا آج دوسرے روز بھی سلسلہ جاری رہا۔ اڈیالہ جیل سے 82 کارکن رہا کر دیئے گئے۔

ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 234 کارکنوں کو سینٹرل جیل اڈیالہ نظر بند کیا گیا تھا، ان میں سے 50 کارکنوں کو گزشتہ روز رہا کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مزید کارکنوں کی رہائی بھی مرحلہ وار جلد ہو سکے گی۔

دوسری جانب کالعدم ٹی ایل پی کے کارکنوں کا وزیر آباد کے پارک میں پڑاؤ، گجرات میں دریائے چناب کا پل مسلسل 11 ویں روز بھی بند ہے۔ جس کے باعث جی ٹی روڈ مکمل نہ کھلنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔