کلثوم نواز کے بعد اسحق ڈار کو کورونا ویکسین کی ڈوز لگ گئی

Published On 06 October,2021 07:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف اور انتقال کر جانے والی مرحومہ کلثوم نواز کے بعد سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کورونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری بھی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو کی جعلی انٹری کی گئی۔ ملتان کے ہیلتھ یونٹ سے اسحاق ڈار کی ویکسینیشن کی جعلی انٹری کی گئی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا انتقال 11 ستمبر 2018ء میں ہوا تھا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سکنڈری ہیلتھ کی جانب سے کیس فوری طور پر ایف آئی اے کو ارسال کر دیا گیا۔ جبکہ ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔

سیکرٹری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ دونوں فیک انٹریز جمنیزیم میلسی، وہاڑی اور چیف ایگزیکٹیو آفس ملتان سے درج کی گئیں ہیں۔ دونوں سنٹرز کے متعلقہ ویکسینیٹرز کی تفصیلات سائبر کرائم ونگ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے فوراَ بعد ہیلتھ انفارمیشن سروس ڈلیوری یونٹ کی جانب سے فیک انٹریز کی شناخت کی گئی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل کورونا ویکسینیشن کیلئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نام کی ایک اور انٹری سامنے آئی تھی، لاہور، نارووال کے بعد بہاولپور کے ایک سینٹر میں بھی کورونا ویکسینیشن میں نواز شریف کا نام درج ہوا تھا۔

نارووال کی ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے نواز شریف کے نام کی جعلی انٹری کی، ڈیٹا اندراج میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ کی کاپی استعمال ہوئی۔