اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوئے، اجلاسوں میں ملکی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، ڈی جی ایم او میجرجنرل نعمان زکریا ،ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وفاقی قانون فروغ نسیم سمیت دیگر سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم کو صوبائی تین سرحدوں کی موجود سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ سرحدوں کی صورتحال سے متعلق بین الصوبائی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی سروے آف پاکستان کی مدد سے سرحدی مسائل حل کرے گی، کمیٹی ان علاقوں میں پولیس، سول انتظامیہ کی صلاحیت بڑھانے پر کام کرے گی۔
اجلاس میں کم ترقیاتی علاقے ڈیرہ غازی خان اورراجن پور کی ترقی کے لیے 5 سالہ حکمت عملی کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس کے دوران نیشنل ایکشن پلان 2014ء پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا، شرکا نے نیشنل ایکشن پلان کو سائبر سکیورٹی اورانٹیلی جنس کے تناظر میں مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج، پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیوں، سول آرمڈ فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوشوں اور قربانیوں کو سراہا۔