پاک چین دوستی کے ستر سال مکمل ہونے پر تصویری نمائش کا انعقاد

Published On 01 August,2021 10:32 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک چین دوستی کے ستر سال مکمل ہونے پر پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، تصاویر میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی،سماجی اور اقتصادی روابط کو اجاگر کیا گیا ہے۔

سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی، پاک چین لازوال دوستی کی کہانی تصاویر کی زبانی بیان کی گئی ہے۔ راولپنڈی آرٹ کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ نمائش میں دونوں ممالک کی ثقافت، سی پیک منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کام سمیت ستر سالہ دوستی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے نارکوٹکس کنٹرول شیخ راشد شفیق نے کہا کہ پاک چین لازوال دوستی خطے میں امن واستحکام کی ضامن ہے۔

نمائش میں شہریوں کی بڑی تعداد نے نمائش میں شرکت کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کو ایک اٹوٹ بندھن میں باندھ دے گی۔