چیئرمین سینیٹ سے چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ملاقات، نیب کی سالانہ رپورٹ پیش

Published On 28 June,2021 11:21 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چیئرمین نیب نے ملاقات کی، جس میں جاوید اقبال نے صادق سنجرانی کو نیب کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور ملک میں جاری احتسابی عمل سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ احتساب کے عمل میں شفافیت اور غیر جانبدرای ہر صورت برقرار رکھی جائے، تاجر اور کاروباری طبقے کے ہراساں ہونے کے تاثر کی نفی ہونی چاہیے۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول میسر ہوگا، ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری طبقے کی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، نیب احتسابی عمل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ہمارا ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔