راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں فروغ امن کیلئے پرعزم ہے، دنیا فروغ امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں مڈشپ مین کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی بھی موجود تھے، سعودی، بحرین کی نیول فورسز کے مڈشپ مین پاس آﺅٹ ہوئے۔ جنرل ندیم رضا نے پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعزازات دیئے ،قائداعظم گولڈمیڈل لیفٹیننٹ معراج خالد خان نے حاصل کیا، حمزہ ملک کو سورڈآف آنر سے نوازاگیا، آفیسر کیڈٹ حذیقہ کو سی جے سی ایس سی گولڈمیڈل سے نوازاگیا،بحرین کے کیڈٹ نائف ابراہیم نے چیف آف نیول سٹاف گولڈمیڈل حاصل کیا۔ یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کیخلاف جنگ تقریباً جیت چکے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ندیم رضا نے کہاکہ پاکستان خطے میں فروغ امن کیلئے پرعزم ہے، قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف متحد ہے، دنیا فروغ امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرے، دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔