لاہور، کراچی کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر میں کورونا ویکسین کی قلت

Published On 15 June,2021 12:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور اور کراچی کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر میں ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی۔ سائنو فارم، سائنو ویک اور آسٹرازینیکا کا اسٹاک ختم ہوگیا۔

ایکسپو سینٹر میں دوسری ڈوز لگوانے والوں کیلئے سائنو فارم موجود ہے جبکہ انتظار گاہ میں بیٹھے لوگ ویکسین کے منتظر ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایکسپو میں ڈیٹا کا ایشو آ رہا ہے، تھوڑی دیر تک مسئلہ حل ہو جائے گا۔

اسی طرح کراچی کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر میں چینی ویکسین کی قلت ہوگئی۔ طبی عملے کے مطابق سائنو فارم، سائنوویک اور کین سائنو ویکسین موجود نہیں، صرف 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو آسٹرازینیکا لگائی جا رہی ہے۔ ایکسپو سینٹر آنے والے نوجوان ویکسی نیشن کے بغیر واپس لوٹنے لگے۔

ادھر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں، ڈوزز موجود ہیں، معمولی تاخیر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، ایکسپو سنٹر میں روزانہ 11 ہزار ویکسین لگتی ہے، لوگوں کا اصرار ہے باہر جانا ہے، ایسٹرا زینیکا لگائی جائے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 782 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 27 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 838 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 44 ہزار 196، سندھ میں 3 لاکھ 28 ہزار 663، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 36 ہزار 205، بلوچستان میں 26 ہزار 275، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 727، اسلام آباد میں 82 ہزار 170 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 791 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 38 لاکھ 92 ہزار 289 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 39 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 80 ہزار 316 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 611 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 782 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 548، سندھ میں 5 ہزار 256، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 234، اسلام آباد میں 773، بلوچستان میں 294، گلگت بلتستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 569 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔