این اے 249 ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

Published On 30 April,2021 08:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) این اے 249 ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔ پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل 16 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

این اے 249 ضمنی الیکشن کے 276 پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا۔ ن لیگ کے مفتاح اسماعیل 15 ہزار 473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ نذیر احمد 11 ہزار 125 ووٹ لے کر تیسرے ، پاک سر زمین پارٹی کے مصطفیٰ کمال 9 ہزار 227 ووٹ لے کر چوتھے، پاکستان تحریک انصاف کےامیدوار 8 ہزار 922 ووٹ لے کرپانچویں جبکہ ایم کیو ایم کے امیدوار 7511 ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر رہے۔

 الیکشن کمیشن کے تعینات ڈی آر او ندیم حیدر نے نتائج کا علان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن پر امن رہا، قانون نافذ کرنے والے ادارے سرگرم رہے، ووٹ ڈالنے کی شرح 21.64 رہی۔

کامیابی حاصل کرنے والی جماعت کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی گنتی کے دوران مسلم لیگ ن سے آگے رہی، مسلم لیگ ن کا نتائج سے قبل جیت کا اعلان کرنا حیران کن ہے۔

ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے نتائج کو متنازع قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ کم ٹرن آوٹ ہونے کے باوجود نتائج میں تاخیر ہونا شقوق و شبہات پیدا کرتا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی، ٹی ایل پی سمیت دیگر جماعتوں کی جانب سے بھی نتائج پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔