نیب لاہور کا خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع

Published On 20 April,2021 10:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔ قومی احتساب بیورو نے لیگی رہنما کی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانت خارج کرنے کی استدعا کر دی۔

نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر نیب فیصل بخاری نے جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ نیب نے قانون کے مطابق خواجہ آصف کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا، لیگی رہنما کے اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے جبکہ خواجہ آصف نے اپنے فیملی ممبران کے نام پر بھی اثاثے بنا رکھے ہیں۔

قومی احتساب بیورو جواب کے مطابق خواجہ آصف نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ساتھ ساتھ منی لانڈرنگ بھی کی اور اب ان کے خلاف انکوائری کو انوسٹی گیشن میں بدل دیا گیا۔

نیب نے اپنے جواب کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ خواجہ آصف کے خلاف تحقیقات ابھی بھی جاری ہیں لہذا لاہور ہائیکورٹ لیگی رہنما کی ضمانت کی درخواست مسترد کرے۔ عدالت کا دو رکنی بینچ خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا۔