اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے وفاقی کابینہ کو ملک میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس کے بعد شیخ رشید نے میڈیا کو بتایا کہ کابینہ نے ملک کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر غور کیا ہے۔
اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رہائی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ کسی کو کہیں مار نہیں پڑ رہی، سارے حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
اعلیٰ حکام نے وزیر داخلہ کو مذہبی جماعت کی جانب سے مختلف شہروں میں دیئے گئے دھرنوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشتعل مظاہرین سے راستے کھلوانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جہاں جہاں حالات خراب ہوں گے وہاں 24 گھنٹے موبائل، انٹرنیٹ سروس بند رکھی جائے گی اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔