ملک بھر میں احتجاج: اہم شاہراہیں بند، ٹریفک درہم برہم، گاڑیوں کی لمبی قطاریں

Published On 13 April,2021 09:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں احتجاج کے باعث ٹریفک درہم برہم ہو کر رہ گئی، لاہور، راولپنڈی، کراچی اور دیگر شہروں میں اہم شاہراہیں بند ہیں، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

 لاہور میں چونگی امرسدھو، فیروز پور روڈ، قصور روڈ، یتیم خانہ چوک، شاہدرہ، درواغہ والا، بیگم کوٹ، امامیہ کالونی، سکیم موڑ تاحال بند ہے۔ لوگوں کےمعمولات زندگی متاثر جبکہ سڑکوں کی بندش سے شہری خوار ہوگئے۔

گوجرانوالہ، قصور، مریدکے، پتوکی، ساہیوال، خانیوال، نارووال، بہاولنگر، مانگامنڈی میں بھی سڑکیں بلاک ہیں، جس سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہے۔ اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور میں بھی شہری سڑکوں کی بندش سے پریشان ہیں۔ راولپنڈی کے داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں۔

کوئٹہ لک بائی پاس پر بھی مظاہرین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ لسبیلہ میں حب پل پر احتجاج سے ٹریفک معطل ہے۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بھی سڑکیں بلاک ہونے سے شہری اذیت کا شکار ہیں، لوگوں کیلئے منزل پر پہنچنا عذاب بن گیا۔