اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ نویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے 19 اپریل سے ایس او پیز کے تحت کھلیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا سے متاثر اضلاع میں پہلی سے آٹھویں تک کلاسز 28 اپریل تک نہیں ہوں گی، 28 اپریل کو کورونا صورتحال کا جائزہ لے کر دوبارہ فیصلہ کریں گے، نویں سے بارہویں تک کلاسز 19 اپریل سے شروع ہوں گی، نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے، او لیول امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز کی آن لائن کلاسز ہوں گی، یونیورسٹیز سے انٹری ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے، اے اور او لیول کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ ہوں گے، اے اور او لیول کے امتحانات کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، اے اور او لیول کے امتحانات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ دنیا کے 80 فیصد ممالک میں امتحانات ہو رہے ہیں، بچوں کا مستقبل اور ان کی صحت ہمارے لیے اہم ہے، کورونا سے متاثرہ اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، ڈی جی خان، شیخوپورہ کے اضلاع شامل ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 103 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 96 ہزار 184 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 953 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 35 ہزار 569، سندھ میں 2 لاکھ 66 ہزار 926، خیبر پختونخوا میں 93 ہزار 33، بلوچستان میں 19 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 61، اسلام آباد میں 62 ہزار 211 جبکہ آزاد کشمیر میں 13 ہزار 529 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 4 لاکھ 93 ہزار 362 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 665 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 18 ہزار 158 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 645 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 103 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 675، سندھ میں 4 ہزار 510، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 469، اسلام آباد میں 584، بلوچستان میں 211، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 372 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔