وزیراعلی بلوچستان جام کمال کی ایک مرتبہ پھرملازمین سے دھرناختم کرنے کی اپیل

Published On 04 April,2021 03:36 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے ایک مرتبہ پھرملازمین سے دھرناختم کرنے کی اپیل کر دی، کہتے ہیں ملازمین سے التجاء ہے کہ صوبے کی موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے ایک بار پھرسرکاری ملازمین سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی ہے، ملازمین نے تنخواہوں میں 25فیصد اضافے کے حق میں ہاکی چوک پر دھرنا دیا جو آج ساتویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔

وزیراعلی کا یہ کہنا ہے کہ موجود صورتحال میں میری ذاتی کوئی آنااور سیاست شامل نہیں ہے۔ میرے لئے سیاسی فیصلہ کرنا بہت آسان ہے جس سے موجود حکومت کی واہ واہ بھی ہوسکتی ہے لیکن میں ایک سیاسی فیصلہ کرکے صوبے کوبربادی کی جانب نہیں دھکیل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حالات کو مدنظررکھتے ہوئے ہمیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے جس کی اپنی ضروریات بہت مشکل سےپوری ہورہی ہیں۔ اگرملازمین کے تنخواہیں ہرسال بڑھائی جائے تو ترقی اور خوشحالی کا پہیہ رک جائے گا۔ تنخواہوں کے بڑھنے کے طرف گئے تو حکومت کو پبلک ریلیف دینا مشکل ہوجائے گا۔ سرکاری ملازمین صحیح اندازمیں اپنا حق ادا کریں توایک مرتبہ نہیں دو مرتبہ حکومت تنخواہیں بڑھا دے گی۔ ٹیچرز، ڈاکٹرز سمیت دیگر سرکاری ملازمین کابڑا فیصدحصہ ذمے داریوں سے غافل ہے۔ کاش ایسی تحاریک اچھی تدریس، صحت اورعوام کی خدمت کےلئے چلائی جاتیں تو مجھے خوشی ہوتی۔ دھرنے میں کورونا وائرس یا دہشتگردی سے نقصان ہوا تو دھرنے کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرینگے۔