'پی ڈی ایم میں مختلف سوچ رکھنے والی جماعتیں اپنے مفادات کیلئے اکٹھی ہوئیں'

Published On 23 March,2021 12:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں مختلف سوچ رکھنے والی جماعتیں اپنے مفادات کیلئے اکٹھی ہوئیں، یہ اپنی جائیدادیں بچانے کیلئے برسر پیکار ہیں، سیاست کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں پورا ملک جانتا ہے یہ کیا تھا اور کیا بن گئے، سوالات کے جواب دینے کے بجائے لشکر کشی کرتے ہیں، براڈ شیٹ کی فائل وزیراعظم تک پہنچا دی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کرپشن کو کوئی کرپشن نہیں سمجھتا، پاکستان کسی ایک خاندان کیلئے نہیں بنا تھا، ایسے پاکستان کیلئے کوشاں ہیں جہاں قانون کی بالادستی ہو، ملک میں قانون کی عملداری نہ ہونے کے برابر ہے، ماضی کی حکومتوں نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا، جیلیں چھوٹے چھوٹے مجرموں سے بھری پڑی ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بڑا چور سیاسی انتقام اور جمہوریت کے پیچھے چھپتا ہے، قانون پر عملدرآمد کرنیوالوں کو حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی شخص محفوظ نہیں، ہم نے اس عزم کو دہرانا ہے جس کے لیے ملک بنا تھا، ایسا ملک نہ ہو جس میں لوگ قانون کا مذاق اڑائیں، طاقتور اور اشرافیہ کو قانون کے تابع لائیں گے، قانونی کی حکمرانی ہوگی تو سب محفوظ ہوں گے۔

سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے معاشی ناہمواری کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کیے، ڈھائی سال کے عرصے میں ملک کو درست سمت پر گامزن کیا، ملک کی بقا کیلئے افواج پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں۔

 یوم پاکستان کے حوالے سے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قائداعظم کے اصولوں کے مطابق فلاحی ریاست بنائیں گے، ہمیں اتحاد اور یگانگت کے ساتھ ہر مشکل کا سامنا کرنا ہے، ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر خاص و عام قانون کے سامنے جوابدہ ہو، 23 مارچ کو مسلمانوں نے الگ پہچان کیساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا، اسی روز علیحدہ وطن کے حصول کیلئے عملی جدوجہد کا باقاعدہ آغاز ہوا۔