گرمیوں میں کراچی کے بجلی صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان

Published On 05 March,2021 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گرمیوں میں کراچی کے بجلی صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ نیپرا نے نیشنل گرڈ سے کے الیکڑک کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیل کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکڑک کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کا فیصلہ دے دیا ہے۔

نیپرا نے سی پی پی اے، این ٹی ڈی سی اور کے الیکڑک کے درمیان سہ فریقی معاہدے کی منظوری دی۔

کےالیکڑک کو تین ونڈ پاور پلانٹس سے 150 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ نیپرا کے الیکڑک کو ٹیناگا، زیپئر اور ہائیڈرو چائنہ سے 50، 50 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت پہلے ہی نیشنل گرڈ سے کے الیکڑک کو 650 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہی ہے۔