کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 5 فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا ہے کہ پائیدار امن کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد ناگزیر ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاک افغان بارڈر کے علاقوں میں دہشتگرد حملوں میں اضافے کے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 5 فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قوم کو اپنے جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔