الیکشن کمیشن سے این آر او مانگنے کیلئے ڈرامہ ہو رہا ہے: مراد سعید

Published On 19 January,2021 10:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مراد سعید نے کہا ہے کہ قوم آج چور مچائے شور کا عملی مظاہرہ دیکھ رہی ہے، نون لیگ اور پیپلزپارٹی نے فارن فنڈنگ کی رسیدیں نہیں دکھائیں، الیکشن کمیشن سے این آر او مانگنے کیلئے ڈرامہ ہو رہا ہے۔

 وفاقی وزیر مراد سعید نے پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ زرداری اور شریف خاندان نے اپنی جماعتوں کو بھی اپنے دھندے کے لئے استعمال کیا، پارٹیز کو فرنٹ کمپنی بنایا جہاں کرپشن کک بیکس کا پیسہ آتا تھا، الیکشن کمیشن نے 6 ہفتے کا وقت دیا لیکن وہ ڈیڈ لائن بھی گزر گئی۔

 دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ حکومت نے احتجاج کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں کی، اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی عمران خان کی جمہوریت پسندی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم نہیں بھولی جب (ن) لیگی حکومت نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو پر امن احتجاج کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، قوم سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی کبھی بھلا نہیں سکتی۔