لاہور میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل، بارش کا امکان

Published On 03 January,2021 05:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے سے تیز اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہواؤں کا نیا سلسلہ3 روز تک قیام کرے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر سے دھند کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ ہوا 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیاہے جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کے امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر دھند پڑنےکا امکان ہے اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلو چستان اورشمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہا۔

سب سے زیادہ بارش کشمیر، اننت ناگ 19 ، جموں 12 ، ہجیرہ 9 ، سری نگر 6، چکوٹھی 4 ، برنالہ 3 ، راولاکوٹ ایک ، پنجاب، نارووال 6 ، گوجرانوالہ 6 ، سیالکوٹ 6 ، حافظ آباد 5 ، منڈی بہاوالدین میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت، اسکردو منفی 13 ،لہہ، گوپس، استور منفی 12، زیارت منفی 10 ، ہنزہ ، قلات منفی 9، کوئٹہ ، کالام ،بگروٹ منفی 8 ، گلگت منفی 7 ، ژوب ،دالبندین منفی 6،پاراچنارمنفی 5اوردیرمیں منفی4 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔