نیب نے 2018ء سے 2020ء تک کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

Published On 03 January,2021 11:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے سال 2018ء سے 2020ء تک کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی، سب سے زیادہ شکایات سکھر سے ملیں۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ تین سال کی کارکردگی شاندار رہی۔

قومی احتساب بیورو کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری، 1لاکھ 54ہزار 697 شکایات موصول ہوئیں، اربوں روپے کی ریکوری کی گئی، چیئرمین جاوید اقبال ادارہ کی کارکردگی سے خوش ہیں۔

تین سالہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق نیب راولپنڈی کو تین سال میں 21 ہزار 71 شکایات موصول ہوئیں، نیب لاہور کو 29 ہزار 242، نیب خیبرپختونخوا کو 12 ہزار 627 شکایات موصول ہوئیں جبکہ نیب بلوچستان کو 25 سو اور نیب سکھر کو 75ہزار 944 ، نیب ملتان کو 13ہزار تین سو 13 شکایات موصول ہوئیں۔ نیب نے اس مدت میں اربوں روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب ریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن کے خاتمے اور لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کے لیے بنایا گیا، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چین نے کرپشن کے خاتمے کا ایم او یو دستخط کیا، نیب سارک ممالک کے لیے رول ماڈل ہے۔