بھارت پاکستان کے خلاف کوئی بھی شرارت کر کے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارے گا: گورنر پنجاب

Published On 21 December,2020 02:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ نریندر مودی امن اور انسانیت کا قاتل ہے، بھارت پاکستان کے خلاف کوئی بھی شرارت کر کے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارے گا ، پاک افواج کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا ۔

گورنر پنجاب نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی افواج بھارت کو نشانہ عبرت بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، بھارت اپنے اندرونی انتشار سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے،پاکستان کی امن کی خواہش کو بھارت کمزور ی نہ سمجھے۔

واضح رہے کہ بھارت کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی انتظام کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، بھارتی فورسز نے 19 دسمبر کو ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اکھوری گاؤں کی 25 سالہ لڑکی شدید زخمی ہو گئی جس پر پاکستان نے گزشتہ روز بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ تھمایا تھا۔