خانیوال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے ڈیرے، حد نگاہ انتہائی کم

Published On 15 December,2020 09:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) خانیوال، بہاولپور، صادق آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند نے ڈیرے ڈاال لئے۔ موٹروے اور اہم شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہے، ٹریفک کی روانی متاثر، حکام نے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔

پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی ہوئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔ تاہم کشمیر اور بالائی خیبرپختونخواہ میں بارش اور برفباری ہوئی۔ کالام میں 08 ملی میٹر بارش اور 04 انچ برف باری بھی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹھنڈ کا راج ہے، جڑواں شہروں میں آج کم سے کم درجہ حرارت 4 جب کہ زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، موسم کا حال بتانے والوں نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ شمالی علاقہ جات اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا۔