اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق بھارت نے 22 نومبر کو ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 11 شہری زخمی ہوئے، بھارتی افواج نے کھوئی رٹہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں، بھارتی فوج مسلسل بھاری ہتھیاروں اور توپ خانے سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔
زاہد حفیظ کا کہنا تھا رواں سال بھارت 2820 بار سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرچکا، رواں سال اب تک 26 شہری شہید اور 245 زخمی ہوئے، بھارت کا شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت یو این، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔