چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کورونا وائرس میں مبتلا

Published On 12 November,2020 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کورونا ٹیسٹ 8 نومبر کو لیا گیا تھا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 808 افراد کے کووڈ۔19ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 36 ہزار 686 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 11 ہزار 146 پنجاب میں 13 ہزار 545، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 303، اسلام آباد میں 6 ہزار 879، بلوچستان میں 482،گلگت بلتستان میں 345،آزاد کشمیر میں 986 ٹیسٹ شامل ہیں۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 849 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 22 ہزار 88 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 49 ہزار 992 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 5 ہزار 41 , بلوچستان میں 16 ہزار 226 , گلگت بلتستان میں 4 ہزار 409 ، اسلام آباد میں 22 ہزار 765 ، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 258، پنجاب میں 1 لاکھ 8 ہزار 221 اور سندھ میں 1 لاکھ 52 ہزار 72 مریض ہیں۔