کراچی: پولیس اہلکار شہری کو ڈاکووں سے بچاتے ہوئے شہید، ایک ڈاکو بھی مارا گیا

Published On 09 November,2020 08:53 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سادہ لباس پولیس اہلکار شہری کو ڈاکووں سے بچاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ پولیس مقابلے کے دوران اہلکار فیاض شہید جبکہ ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔

کراچی کے علاقے کریم آباد مینا بازار کے قریب احسن نامی شہری اے ٹی ایم سے رقم لیکر نکلا تو ڈاکووں نے لوٹنے کی کوشش کی جس کو پولیس اہلکار فیاض نے ناکام بنایا۔

سادہ کپڑوں میں ملبوث اہلکار فیاض خان گھر سے ڈیوٹی پر جارہا تھا، واردات ہوتے دیکھی تو ڈاکووں پر فائرنگ کی۔ اہلکار کی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا۔ ڈاکووں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار فیاض زخمی ہوا جو عباسی شہید ہسپتال سے نجی ہسپتال منتقل کرنے کے دوران دم توڑ گیا۔

اہلکار فیاض عزیزآباد کا رہائشی اور تین بچوں کا باپ تھا، اہلکار کا بھائی ممتاز شاہ بھی گلبہار تھانے کی حدود میں شہید ہوچکا ہے۔