وزیراعلیٰ پنجاب سے تنویر الیاس کی ملاقات، سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

Published On 04 November,2020 11:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب سرمایہ کاری سمیت ہر شعبے میں لیڈ لے رہا ہے، صوبے میں سرمایہ کاروں کو پہلی بار ایک چھت تلے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا، سابق دور میں قومی سرمایہ اپنی جیبوں میں ڈالا گیا اور ملک کو کنگال کیا گیا، آج پنجاب سرمایہ کاروں کے لئے سب سے محفوظ صوبہ ہے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبے کیلئے شاندار پیکیج دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبوں سے متعلقہ اجازت ناموں کے حصول کیلئے ون ونڈو سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔