راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مولانا عادل خان کی شہادت پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ قابل مذمت ہے، مجرموں کو کٹہرےمیں لانے کیلئے سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کی جائے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ واقعہ دشمن کی ملک کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی مولانا عادل خان کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت جانتی ہے اور میں گزشتہ تین ماہ سے ٹی وی پر بارہا بار اظہار کر چکا ہوں کہ بھارت پاکستان میں شیعہ اور سنی عالموں کو قتل کروا کر فسادات کی آگ بھڑکانا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شاہ فیصل میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر کے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان کو ڈرائیور سمیت قتل کر دیا تھا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال پہنچنے سے قبل مولانا عادل دم توڑ چکے تھے، انہیں گردن اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ پسماندگان میں مولانا مفتی محمد انس عادل، مولانا عمیر، مولانا زبیر، مولانا حسن، ایک بیٹی اور ایک بیوہ جب کہ دو بھائی مولانا عبیداللہ خالد اور عبدالرحمن کو سوگوار چھوڑا ہے۔