'وزیراعظم نے سابق ڈی جی ایف آئی اے پر شریف فیملی کیخلاف کیسز بنانے کیلئے دباؤ ڈالا'

Published On 06 October,2020 02:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سابق ڈی جی ایف آئی اے پر شریف فیملی کیخلاف کیسز بنانے کیلئے دباؤ ڈالا، بشیر میمن کے انکار کے بعد نیب نیازی گٹھ جوڑ سامنے آیا، اختیارات کے ناجائز استعمال پر وزیراعظم کیخلاف 62، 63 کا کیس بنایا جائے۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس سے سامان باندھنے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا عزیر میمن نے بہت سے انکشافات کیے جو ان کے انٹرویو کا حصہ ہیں، وزیراعظم نے بشیر میمن سے کہا خواجہ آصف کیخلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنائیں، بشیر میمن نے دہشتگردی کا مقدمہ بنانے سے انکار کر دیا، عزیر میمن نے کہا انکار کے بعد نیب کے ذریعے سب کچھ کرایا جا رہا ہے، بشیر میمن نے کہا آج جو ہو رہا ہے وہ مجھے کرنے کو کہا گیا تھا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا غداری کا مقدمہ تو وزیراعظم کے خلاف درج ہونا چاہیئے، موجودہ وزیراعظم فاشسٹ ہیں، کہتے ہیں وزیراعظم آزاد کشمیر کا نام انہوں نے درج نہیں کرایا، کیس میں کارکن کا نام ڈال کر کہتے ہیں ہمیں پتہ نہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ میں ڈی جی نیب کو استعمال کیا گیا، ترجمانوں سے کہا جاتا ہے سیاسی مخالفین پر کرپشن کا بیانیہ بناؤ، جب کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا تو غداری کے مقدمے بنانا شروع کر دیئے، ترجمانوں سے کہا جاتا ہے نواز شریف پر بھارتی ایجنٹ ہونے کا بیانیہ بناؤ۔