وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس: سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ

Published On 29 September,2020 09:32 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کا وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس جاری ہے، جس میں سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، افغانستان سے متعلق ویزا پالیسی کی تبدیلی سمیت کابینہ 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔

 وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے آئین کی منظوری، قرضوں اور ڈیبٹ سروسنگ اور پاور سیکٹر میں ریفارمز پر بریفنگ شامل ہے۔ اس کے علاوہ برطانوی ائیر لائن اٹلانٹک ائیر ویز کی پاکستان میں سروس کی منظوری، ٹی سی پی کے ذریعے گندم کی امپورٹ کے لئے ایک ٹائم کی اجازت کی منظوری بھی ایجنڈا کا حصہ ہے۔

کابینہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے نان آفیشل ممبرز کی تعیناتی، ایف آئی اے شیڈول آف افینسز میں نئے قوانین کا اندراج، بائیولوجیکل ادوایات کے لئے ماہر کی تعیناتی، پاکستان ریلویز کی بحالی اور تنظیم نو کا پلان پر بھی غور کرے گی۔

ارسا میں ٹیلی میٹری سسٹم کی توڑ پھوڑ پر انکوائری کا معاملہ، اسلام آباد کلب کے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری بھی شامل ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 ستمبر کے فیصلوں کی توثیق اور کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے 24 ستمبر کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔