اپوزیشن کی اے پی سی پر حکومتی ردعمل کی تیاری، وزیراعظم نے اجلاس طلب کر لیا

Published On 21 September,2020 01:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں اپوزیشن کی اے پی سی کی قرارداد کا جائزہ لیا جائے گا اور حکومتی ردعمل کی تیاری پر مشاورت بھی ہو گی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کے طلب کردہ اجلاس میں اپوزیشن کی قرارداد کے خلاف بیانیہ پر مشاورت ہو گی، وزیر اعظم ترجمانوں کو حکومتی بیانیہ پر گائیڈ لائن دیں گے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والی اپوزیشن کی اے پی سی میں حکومت مخالف نیا اتحاد بنایا گیا ہے جبکہ جنوری 2021ء میں حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم کے فوری استعفے کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔ اپوزیشن نے حکومت مخالف الائنس کے نام پر مشاورت کے بعد اسے ‘’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ’’ کا نام دینے پر اتفاق کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں نے میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق کی تیاری کے لیے کمیٹی بھی قائم کی۔ نئے میثاق کا نام ‘’چارٹر آف پاکستان’’ ہوگا۔ اس کے علاوہ آل پارٹیز (اے پی سی) کانفرنس میں حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا فیصلہ بھی کیا گیا، اپوزیشن جماعتوں نے حکومت مخالف لانگ مارچ جنوری 2021ء میں کرنے پر اتفاق کیا۔