لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں موٹروے زیادتی کیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا دلخراش واقعہ میں ملوث ملزمان سزا سے نہیں بچ سکتے، تحقیقات جلد از جلد مکمل کی جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں تحقیقاتی کمیٹی کے اراکین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ پنجاب پولیس کی ہیلپ لائن 15 اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کی ہیلپ لائن 1124 کو موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 کے ساتھ منسلک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا لاہور سیالکوٹ موٹروے پر موٹروے پولیس کی تعیناتی تک پنجاب پولیس فرائض سرانجام دے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا ذاتی طور پر کیس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے رہاہوں، متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، پنجاب حکومت اور پوری قوم متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے، اندوہناک واقعہ پر ہر پاکستانی کا دل زخمی ہے، متاثرہ خاتون کو فوری انصاف دلانا ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت اس ذمہ داری کو اپنا فرض سمجھ کر نبھائے گی۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر پنجاب ہائی وے پٹرولنگ، سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس کو تعینات کر دیا گیا، لاہور سیالکوٹ موٹروے کے 91 کلومیٹر روٹ کو 3 بیٹ میں تقسیم کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے تحقیقات کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔