اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی نے خاتون کے ساتھ موٹروے پر پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں آئی جی پنجاب انعام غنی اور وزارت مواصلات کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کا اہم اجلاس 14 ستمبر کو ہوگا۔
یہ اہم اجلاس مصطفیٰ نواز کھوکھر کے زیر صدارت ہوگا۔ خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر آئی جی پنجاب اور سیکرٹری مواصلات سے بریفنگ طلب کر لی گئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ خاتون کی جانب سے موٹروے پولیس کو کی گئی فون کال پر ایکشن کیوں نہیں لیا گیا؟ آئی جی پنجاب اور سیکرٹری مواصلات واقعے سے متعلق بریفنگ دیں۔
ادھر پیپلز پارٹی کا خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پارلیمان میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ہے۔
توجہ دلاؤ نوٹس سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ مسلح افراد نے خاتون اور اس کے بچوں کو ہتھیاروں کے زور پر قریبی زمینوں میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متعلقہ وزیر اس معاملے پر ایوان کو آگاہ کریں۔