پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیر خارجہ

Published On 02 September,2020 08:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیوزی لینڈ اور آذربائیجان کیلئے نامزد پاکستانی سفیروں نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔

ان سفرا میں نیوزی لینڈ کیلئے نامزد سفیر مراد اشرف جنجوعہ اور آذربائیجان کیلئے نامزد سفیر بلال حئی شامل تھے۔

وزیر خارجہ نے بطور سفیر نامزدگی پر دونوں سفرا کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کو یہ نئی ذمہ داریاں، آپ کے شاندار سروس ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سونپی گئی ہیں۔

 

شاہ محمود قریشی نے سفیروں سے کہا کہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے نئے نامزد سفرا کو پیشہ ورانہ امور اور فارن پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔دونوں سفیروں نے وزیر خارجہ کی طرف سے کی گئی حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔