سربراہ پاک فضائیہ نے سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈ کمپیوٹنگ کا افتتاح کر دیا

Published On 27 August,2020 02:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان نے اسلام آباد میں سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈ کمپیوٹنگ کا افتتاح کر دیا۔ ائیر چیف نے سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔

اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان کا کہنا تھا سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈ کمپیوٹنگ کی بنیاد پاک فضائیہ کے ارتقائی سفر میں ایک اہم قدم ہے جس کا مقصد آرٹیفیشل انٹیلیجنس ریسرچ کو سول اور ملٹری شعبہ جات میں فروغ دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 21 ویں صدی میں ٹیکنالوجی نے جنگی حکمت عملی کو یکسر تبدیل کر دیا ہے، اس ادارے کا قیام آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی صلاحیتوں کو پاک فضا ئیہ کی آپریشنل استعداد کار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

قبل ازیں ائیر مارشل عامر مسعود، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ٹریننگ) نے اپنے استقبالیہ خطاب میں اس نئے قائم شدہ سنٹر کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں سابقہ ائیر چیفس، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فضائیہ کے سینئیر ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔