نواز شریف واپس نہ آئے تو شہباز کو ڈی کوالیفائی کا سامنا کرنا پڑیگا: فواد چودھری

Published On 25 August,2020 07:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے بیان حلفی دیا نوازشریف کوواپس لیکرآئیں گے، لیگی صدر کواپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے ورنہ ڈس کوالیفائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’نقطہ نظر‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ اگر ساثبق وزیراعظم نوازشریف بیمار ہوتے تواپنی رپورٹس پاکستان بھجوا دیتے، سفارتخانے کو نوازشریف تک رسائی ہی نہیں دی گئی۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک سے باہر کیسے گئے، ڈاکٹرزکا ایشونہیں، ایشویہ ہے رپورٹس کیسے بنائی گئی؟۔ ڈاکٹرزنے تورپورٹس دیکھ کرفیصلہ کیا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کوالعزیزیہ ریفرنس میں سزا ہوچکی ہے۔ نوازشریف کے ساتھ ہماری ذاتی لڑائی نہیں۔ ان کے پاس پلی بار گین کا آپشن موجود ہے۔ لہٰذا انہیں اس پر عمل کرنا چاہیے۔

وفاقی سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم سے متعلق وفاقی حکومت نے برطانوی حکومت کوپہلا خط مارچ میں لکھا گیا تھا۔ کورونا کی وجہ سے معاملات سست روی کا شکارہوئے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کورپورٹس کی مکمل انکوائری کا کہہ دیا ہے۔ تحققیات کے بعد پتا چلے گا کونسا عملہ ملوث ہے۔ رپورٹس میں گڑبڑجوبھی شامل ہوگا گرفتارہوگا۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے رپورٹس دیکھ کراپنی رائے دی، رپورٹس کیسے بنائی گئی اس کی تحقیقات کرنا ہونگی۔