عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں فوجی محاصرہ ختم کرانے کیلئے کردارادا کرے:دفترخارجہ

Published On 19 August,2020 04:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال میں بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔

آج انسانیت کے عالمی دن کے موقع پر جاری کئے گئےایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ عالمی برادری کوایک سال سے جاری خوفناک فوجی محاصرے کو ختم کرانے اور کشمیری عوام کی ضروریات پوری کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم انسانی بنیادوں پر ہنگامی صورتحال کی بہتری کےلئے تزویراتی سوچ اپنانے کی ضرورت، تنازعات سے بچنے اور دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انسانی زندگیاں بچانے میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں، مدد فراہم کرنے اور تنازعات اور ہنگامی و ناگہانی صورتحال سے متاثرہ لوگوں کومحفوظ رکھنے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اصولوں پر کاربند رہنے اور پناہ گزینوں کی میزبانی کرنےوالے ملکوں میں پائیدار انسانی ردعمل کی حمایت میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے پر عالمی برادری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کےعوام نے گزشتہ چار دھائیوں سے زائد عرصے سے تیس لاکھ سے زائد افغانوں کی میزبانی کرتے ہوئے مثالی فراغ دلی، جذبہ اور میزبانی کا مظاہرہ کیا ہے۔