اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی، پنجاب اور سندھ میں 15 اگست، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں 17 اگست سے شروع ہوگی۔
پاکستان کے 130 اضلاع میں 34 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ مذکورہ مہم جولائی میں کامیاب مہم کے بعد چلائی جا رہی ہے۔
انسداد پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور 6 سے 59 ماہ کے بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی تا کہ بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو پروگرام محفوظ طریقے سے حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مہم شروع کر رہا ہے جس سے بچوں کو پولیو وائرس سے بچایا جا سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امید کی جاتی ہے کہ والدین اس مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے اور ملک سے پولیو کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ جولائی میں ہونے والی مہم میں جس طرح کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کی گئیں، اسی طرح اس مہم میں بھی حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں گی تاکہ بچوں اور دوسروں کو کورونا وائرس کی وبا سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ پولیو ورکرز سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے مہم میں حصہ لیں گے۔ پولیو ورکرز کو حفاظتی تدابیر کے تحت فیس ماسک اور سینیٹائزر بھی فراہم کئے گئے ہیں۔