وزارت خارجہ نے زاہد حفیظ چودھری کو ترجمان دفتر خارجہ مقرر کردیا

Last Updated On 05 August,2020 08:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خارجہ نے عائشہ فاروقی کی جگہ زاہد حفیظ چودھری کو ترجمان دفتر خارجہ مقرر کر دیا ہے۔

زاہد حفیظ چودھری ڈی جی امور جنوبی ایشیا اور سارک تعینات تھے۔ نئے ترجمان دفتر خارجہ کی تقرری کا نوٹی فکیشن جلد جاری ہونے کاامکان ہے۔

خیال رہے کہ عائشہ فاروقی کو گزشتہ سال 19 ستمبر کو ترجمان دفتر خارجہ تعینات کیا گیا تھا۔ وہ اس سے قبل امریکی شہر ہیوسٹن میں بطور قونصل جنرل اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی تھیں۔

انہیں ڈاکٹر فیصل کے بعد ترجمان دفتر خارجہ تعینات کیا گیا تھا جبکہ ڈاکٹر فیصل کو جرمنی میں پاکستان کا سفیر نامزد کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گریڈ بیس کی عائشہ فاروقی کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں کورس کیلئے جانا ہے جس کے باعث ڈی جی ساؤتھ ایشیا وسارک زاہد حفیظ چودھری کو اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔

زاہد حفیظ چوھدری امریکا میں پاکستانی سفارتخانے اور لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ زاہد حفیظ چودھری ڈی جی افغانستان، ایران اور ترکی اور نیشنل سیکورٹی ڈویژن میں جوائنٹ سیکریٹری نیشنل سیکورٹی کے عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ زاہد حفیظ نے یونیورسٹی آف لندن سے انٹرنیشنل لا میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔