تنازع کشمیر:سردارمسعود کاپاکستانی اورکشمیری برادری کو متحرک کرنے پر زور

Last Updated On 03 August,2020 08:59 pm

جدہ: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے تنازع کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستانی اور کشمیری برادری کو متحرک کرنے پر زور دیا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم جدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے مسئلہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کی تلاش کے لئے پاکستانی برادری کے کردار کے عنوان سے کشمیر کے مسئلے پر ایک ویبنار کا اہتمام کیا۔

صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے اپنے کلیدی خطاب میں عالمی سطح پر کشمیر کے تنازع کو موثر طور پر اٹھانے کے لئے چھ نکاتی پروگرام پیش کیا۔

برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان لارڈ نذیر احمد اور خالد محمود کے علاوہ مختلف ملکوں میں مقیم ممتاز کشمیریوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے تصفیہ طلب مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی اور کشمیری برادری کو زیادہ متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس سے پہلے اپنے خیر مقدمی کلمات میں او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ او آئی سی دوسرے عالمی فورم پر جموں و کشمیر کے تنازع کو اٹھانے کےلئے حمایت پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔