اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ کشمیر کیلئے جدوجہد آزادی میں وزیراعظم عمران خان نے نئی روح پھونکی، کشمیر کے عوام آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کشمیر کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے آئے ہیں، حکومت پاکستان کی کشمیریوں کو مکمل حمایت حاصل ہے۔
قبل ازیں وزیر خارجہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی پر تاریخی خطاب کریں گے، 5 اگست کو پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی ہوگی، کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جنیوا میں جب کشمیریوں پر ظلم کی بات ہوئی تو بھارتی نمائندہ منہ چھپا رہا تھا، کشمیریوں کے علاوہ دیگر مذاہب نے بھی کشمیر کی تقسیم کو قبول نہیں کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شائننگ انڈیا آج برننگ انڈیا میں تبدیل ہو چکا ہے، سکھ برادری نے بھی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کیخلاف بھرپور احتجاج کیا، وزارت خارجہ پوری طرح آگاہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کس طرح اجاگر کرنا ہے، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کی جائیں گی، کشمیری شہدا کا خون بولے گا اور بھارتی ظلم و جبر کی گواہی دے گا۔
وززیر خارجہ نے مزید کہا دنیا جانتی ہے کشمیریوں کے بنیادی حقوق آج بھی سلب ہیں، کچھ لوگوں نے کشمیر ایشو سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی، پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ کل بھی کھڑی تھی آج بھی کھڑی ہے، جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کا لہو شامل ہے، بھارت نے کشمیریوں کا جھنڈا چھینا ان کا تشخص مٹانے کی کوشش کی، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو 3 ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔