کراچی میں 2 گھنٹے کی بارش کے بعد صورتحال سب کے سامنے ہے: خرم شیر زمان

Last Updated On 28 July,2020 12:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 گھنٹے کی بارش کے بعد صورتحال سب کے سامنے ہے، عالمی ادارے سندھ حکومت کی کرپشن کیخلاف تحقیقات کر رہے ہیں، شہر ڈوب رہا تھا یہ زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹ رہے تھے، پیپلزپارٹی اپنے وزیروں کو ڈوپٹہ اوڑھائیں چوٹیاں پہنائیں اور گھروں میں بٹھا دیں۔

خرم شیرزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نالوں کی صفائی کا فنڈ بے ضابطگی کی نظر ہوچکا ہے، ورلڈ بینک کی طرف سے 100ارب روپے کی گرانٹ کہاں گئی، پیپلز پارٹی کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام بد نام ہو رہا ہے، سندھ میں 12 سال اقتدار کے باوجود پیپلزپارٹی کچھ نہ کرسکی، سندھ میں بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا کراچی میں انتضامیہ اور ضلعی حکومتیں عملاً غیر فعال ہیں، ہمیں وفاق سے بھی ناراضگی ہے، کیا جب لوگ سسک سسک کر مر جائیں گے تب کوئی ایکشن لیا جائے گا، گلیوں میں یہ حالت ہے جیسے کوئی اٹلی کی ندی ہو۔