رحیم یار خان: قومی شاہراہ پر وین اور منی ٹرک میں تصادم، 7 افراد جاں بحق

Last Updated On 08 July,2020 10:11 pm

رحیم یار خان: (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں قومی شاہراہ پر وین اور منی ٹرک میں تصادم سے 7 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کارروائیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ٹرک ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ واقعے میں ابتدائی طور پر 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دو کو شدید زخمی حالات میں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا تاہم دونوں جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

شیخ زید ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر مسافروں کو طبی امداد دینے کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رحیم یار خان کے علاقے خان پور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔

انہوں نے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔