اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان، چین اور افغانستان نے دہشتگرد قوتوں کی طرف سے اپنی مشترکہ سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے انسداد دہشت گردی اور سلامتی سے متعلق تعاون مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے چین، افغانستان اور پاکستان کے سہ فریقی تزویراتی مذاکرات کے تیسرے دور میں طے پایا جو ویڈیو لنک کےذریعے منعقد ہوا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک مشترکہ بیان میں تینوں ملکوں نے دہشتگرد مزاحمتی تحریک کے دوبارہ اٹھنے سے بچنے کےلئے افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کے منظم، ذمہ دار اور حالات پر مبنی انخلا پر زور دیا۔
تینوں فریقوں نے یہ بھی اتفاق کیا کہ افغان پناہ گزینوں کی واپسی امن اور مصالحتی عمل کا حصہ ہونا چاہیے اور افغان پناہ گزینوں کی عزت اور وقار کے ساتھ ان کے وطن واپسی کے وقت اور بہتر وسائل پر مبنی لائحہ عمل کے لئے عالمی برادری کے کردار پر زور دیا۔
افغانستان اور پاکستان نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کےلئے مزید کام کرنے اوربات چیت کے عمل کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ چین، افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے لئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
تینوں ملکوں نے سہ فریقی تعاون کے طریقہ کار کے تحت مواصلات اور رابطہ مستحکم بنانے اور دوطرفہ اعتماد اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔