ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری مزید بڑھائیں گے: چین کی یقین دہانی

Last Updated On 26 June,2020 11:46 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چینی سفیر ژاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ چینی عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کےشانہ بشانہ ہیں، مختلف ترقیاتی منصوبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید بڑھائے گا۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے چینی سفیر ژاؤ جنگ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور تعاون کے امور سمیت کورونا کے عالمی سطح پرمعیشت اورسوشل اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشیر خزانہ نے چین کےبھرپوراورغیرمشروط تعاون پرچینی سفیر سےاظہارتشکر کیا اور کورونا پرروک تھام کیلئے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی، کم آمدنی والے طبقے سمیت مختلف شعبوں کیلئےدیےگئے پیکج پر بھی بات چیت کی۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے مثالی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے، منصوبے سے خطےمیں ترقی اورخوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، سی پیک کےمشترکہ مقاصد کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چینی عوام اپنےپاکستانی بھائیوں کےشانہ بشانہ ہیں، چین مختلف ترقیاتی منصوبوں میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید بڑھائے گا۔